نواز شریف سے کوئی رابطہ ہوا نہ ہی نیشنل ڈائیلاگ کا حصہ بنیں گے، زرداری

نواز شریف سے کوئی رابطہ ہوا نہ ہی نیشنل ڈائیلاگ کا حصہ بنیں گے، زرداری

لاہور: سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آرٹیکل 62 اور 63 آئین سے نکالنے کے لئے نواز شریف سے ہاتھ ملانے کی تردید کر دی جبکہ سیاسی و غیر سیاسی قوتوں پر واضح کر دیا گیا ہے کہ جمہوریت کو نہیں بلکہ نواز شریف کو خطرہ ہے اور وہ کسی بھی گریٹ ڈیبیٹ کا حصہ نہیں بنیں گے ۔

انہوں نے کہا یہ امر درست نہیں کہ میرا نواز شریف سے رابطہ ہے اور ہم مل کر آئین سے آرٹیکل 62 اور 63 نکالنا چاہتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف جب وزارت عظمی پر تعینات تھے تو اس وقت ان کو آرٹیکل 62 اور 63 کا خیال کیوں نہ آیا۔ انہوں نے وزارت عظمی کے دوران تمام جمہوری معاہدے پس پشت ڈال دیئے تھے.

آصف زرداری نے مزید کہا جب نواز شریف اقتدار میں ہوتے ہیں تو ان کی ترجیحات اور ہوتی ہیں جبکہ مصیبت میں پھر ان کی ترجیحات بدل جاتی ہیں لہذا ہم گرینڈ ڈیبیٹ اور کسی بھی بچگانہ اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے کیونکہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں البتہ نواز شریف خطرے میں ہیں اور خود کو بچانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں ان کے بچنے اور پکڑے جانے سے کوئی غرض نہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں