ایران کے ساتھ کسی بھی مصالحتی ثالث کا کوئی مطالبہ نہیں کیا:سعودی عرب

ایران کے ساتھ کسی بھی مصالحتی ثالث کا کوئی مطالبہ نہیں کیا:سعودی عرب

جدہ:سعودی عرب نے ایران کے ساتھ کسی بھی مصالحتی ثالث کا کوئی مطالبہ نہیں کیا اور اس حوالے سے زیر گردش خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ وضاحت کی گئی ہے کہ ایران کیساتھ مصالحت کیلئے ثالثی کی درخواست نہیں کی۔
بین الااقوامی ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے باور کرایا کہ مملکت اپنے موقف پر ثابت قدمی سے ڈٹی ہوئی ہے کہ وہ ایرانی نظام کے ساتھ کسی بھی صورت میں قریب آنے کو مسترد کرتی ہے ، وہ نظام جو خطے اور دنیا بھر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی پھیلا رہا ہے اور دیگر ممالک کے معاملات میں دخل اندازی کرتا ہے۔
سعودی مملکت کے نزدیک حالیہ ایرانی نظام کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں کیوں کہ تجربے سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ یہ نظام سفارتی قواعد اور آداب اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کا احترام نہیں کرتا اور یہ نظام حقائق کو مسخ کر کے پیش کرتا ہے۔
مملکت ایرانی نظام کے خطرے اور بین الاقوامی امن و استحکام کے حوالے سے اس کے دشمنانہ اقدامات کو باور کراتی ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب پوری دنیا کے ممالک پر زور دیتا ہے کہ ایرانی نظام کو اس کے معاندانہ رجحان سے روکنے اور اس کو بین الاقوامی قوانین ، اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور سفارتی آداب کا پابند بنانے کے لیے کام کریں۔