روزگار کیلئے عرب ممالک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں زبردست کمی

روزگار کیلئے عرب ممالک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں زبردست کمی

اسلام آباد: خام تیل کی کم قیمتوں کے اثرات عرب ممالک کی معیشت متاثر کرنے لگے ، چھ ماہ کے دوران روزگار کے لئے عرب جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ۔

عالمی منڈی میں خام تیل کم قیمتوں کے باعث عرب ممالک کی معیشت گذشتہ کئی برس سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر قابو پانے کے لئے عرب ممالک نت نئے ٹیکسوں کا سہارا لے رہی ہے جس کے باعث ان ممالک میں مقیم کئی غیر ملکی باشندے پردیس سے اپنے دیس کی طرف لوٹ رہے ہیں.

ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سعودی حکومت نے غیر ملکی ورکرز   اور  ان کے اہلخانہ پر ماہانہ بنیاد پر  100 ریال فی کس ٹیکس عائد کردیا ۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے کے نتیجے میں جنوری سے جون 2017 کے دوران 77 ہزار 600 پاکستانیوں نے نوکری کے لئے سعودیہ عرب کا رخ کیا جبکہ گذشتہ سال کے انہیں چھ ماہ کے دوران 4 لاکھ 62 ہزار پاکستانی روزگار کے غرض سے سعودیہ عرب روانہ ہوئے تھے ۔

دوسری جانب یہی حال متحدہ عرب امارت کا بھی رہا ۔جنوری سے جون 2017 کے دوران روزگار کے لئے 1 لاکھ 41 ہزار پاکستانی یو اے ای روانہ ہوئے جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 2 لاکھ 95 ہزار روز گار کے لئے یو اے ای گئے تھے ، اسی طرح چھ ماہ کے عرصے کے دوران 5 ہزار افراد روزگار کے لئے قطر گئے جبکہ جنوری سے جون 2016 میں 9500 پاکستانی روزگار کے لئے قطر گئے تھے۔

مصنف کے بارے میں