الجزائر کے وزیراعظم کو ہٹا دیا گیا

 الجزائر کے وزیراعظم کو ہٹا دیا گیا

الجیریا:الجزائر کے صدر عبدالعزیز بو تفلیقہ نے صدارتی فرمان کے تحت عبدالمجید تبون کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ احمد اویحی کو نیا وزیراعظم مقرر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الجزائر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ عبدالمجید تبون کو دو ماہ بیس روز کے بعد وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا ہے۔عبدالمجید تبون الجزائر کی تاریخ میں وزارت عظمیٰ کے منصب پر سب سے کم مدت گذارنے والے وزیراعظم ہیں۔ انہیں وزیر اعظم مقرر کیے جانے کے دو ماہ 20 دن بعد اس عہدے سے برطرف کیا گیاہے۔
مبصرین اور سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ عبدالمجید تبو اور صدر بوتفلیقہ کےدرمیان تعلقات مستحکم ہیں اور وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات تک اس عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں تاہم صدر کی طرف سے جاری کردہ فرمان میں سب کو حیران کردیا۔
خیال رہے کہ عبدالمجید تبون چھٹیاں گذارنے فرانس میں تھے۔ وطن واپسی پر انہیں سبکدوشی کا نوٹس مل گیا ہے۔