روس کی پابندیوں کی خلاف ورزی، ایران کی مدد کر ڈالی

روس کی پابندیوں کی خلاف ورزی، ایران کی مدد کر ڈالی

برلن :جرمنی کے اخبار "ڈائی وِلٹ" نے مغربی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ روس نے ایران پر عائد پابندیوں کی سنگین خلاف ورزی کرتےہوئے ایران کے بعض ساز و سامان ، دفاعی نظام اور بھاری ہتھیاروں کی مرمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے اخبار "ڈائی وِلٹ" میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ روس نے ایران پر عائد عالمی پابندیوں کی سنگین خلاف ورزی کر تے ہوئے ایران کے ہتھیاروں کی مرمت کی ہے جس مقصد کے لیے پہلے ایرانی سامان کو فضائی راستے شامی اراضی کے اندر پہنچایا گیا اور پھر وہاں سے سمندر کے راستے روس منتقل کیا گیا۔ یہ اقدام ایران کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اخبار نے 13 اگست بروز اتوار اشاعت میں کہا ہے کہ مغربی سکیورٹی ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے رواں برس جون میں دو پروازیں شام کے مغرب میں واقع حمیمیم فوجی ہوائی اڈے بھیجیں ، اس کو روس نے عسکری ساز و سامان کی منتقلی کے لیے اپنا اڈہ بنایا ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی ساز و سامان اور دفاعی نظام کو ٹرکوں کے ذریعے حمیمیم سے شام کی بندرگاہ طرطوس پہنچایا جاتا ہے جہاں سے روسی بحری جہاز "سپارٹا 3" اسے چند روز میں بحیرہ اسود پر روسی نوورسِسک کی بندرگاہ پہنچا دیتا ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور چھ بڑے ممالک کے درمیان طے پائے گئے جامع نیوکلیئر معاہدے کے بعد سلامتی کونسل کی جانب سے جون 2015 میں جاری قرار داد 2231 ایران کو کسی بھی قسم کا ہتھیار یا بھاری عسکری ساز و سامان دینے ، فروخت کرنے یا منتقل کرنے پر پابندی عائد کرتی ہے۔