'اقتصادی اعشاریے مثبت ہیں، تاجروں کی سہولت کیلئے پالیسی اصلاحات کیں'

'اقتصادی اعشاریے مثبت ہیں، تاجروں کی سہولت کیلئے پالیسی اصلاحات کیں'

اسلام آباد:  شہر اقتدار میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے وفد کے اراکین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تاجر برادری کی سہولت کیلئے اہم پالیسی اصلاحات کیں، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کیلئے قوانین تیار کئے جا چکے ہیں اور کراچی سمیت ملک بھر کے امن و امان کو خصوصی توجہ دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو آزادانہ سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے۔ وزیر اعظم نے پاکستان بزنس کونسل کی تجاویز کو بھی قابل ستائش قرار دیا۔ وفد نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔

دوسری جانب، وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے کے امور سے متعلق بھی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے سی ڈی اے حکام کو اسلام آباد کے رہائشی سیکٹرز کے انتظام میں خدمات کا اعلیٰ معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے سی ڈی اے کو شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے مؤثر نظام اپنانے اور عوام دوست ادارہ بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیر سیفران عبد القادر بلوچ، سابق وزیر مملکت عمر ایوب اور مشیر ہوا بازی سردار مہتاب نے بھی ملاقاتیں کیں۔

مصنف کے بارے میں