سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا

سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا
کیپشن: سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی 97 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سندھ اور پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا چناؤ آج ہو گا۔ اس مقصد کیلئے سندھ اسمبلی کے 29 ویں قائد ایوان کیلئے پیپلز پارٹی کے سید مراد علی شاہ اور متحدہ اپوزیشن کے شہریار خان مہر میں مقابلہ ہو گا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے وزیر اعلٰی کیلئے تحریک انصاف نے محمود خان جبکہ اپوزیشن نے میاں نثار گل کو نامزد کر رکھا ہے۔

قائد ایوان کا انتخاب ہاتھ اٹھا کر یا پھر ڈویژن کے ذریعے ہو سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی عددی برتری کے ساتھ کامیابی کے واضح امکانات ہیں۔ سید مراد علی شاہ کے تجویز کنندہ مخدوم رفیق الزماں اور تائید کنندہ میر نادر مگسی ہیں۔

شہر یار خان مہر کے تجویز کنندہ خواجہ اظہار الحسن اور تائید کنندہ خرم شیر زمان ہیں۔ دونوں امیدواروں کے لیے اسمبلی ہال کے الگ دروازے مختص کیے جائیں گے جو ووٹر جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا وہ بیلٹ پیپر وصول کر کے مخصوص دروازے سے ہوتا ہوا ایوان سے باہر چلا جائے گا۔

سیکریٹری سندھ اسمبلی کے مطابق کوئی امیدوار واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو تو  تو پھر پولنگ کرائی جائے گی۔ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی 97 نشستوں کے ساتھ پہلے، تحریک انصاف 30 نشستوں کے ساتھ دوسرے، ایم کیو ایم پاکستان 21 نشستوں کے ساتھ تیسرے اور جی ڈی اے 13 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ تحریک لبیک 3 نشستوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ ایم ایم اے کا صرف ایک رکن ہے۔

اپوزیشن کی دو خواتین ارکان نے اسمبلی رکنیت کا تاحال حلف نہیں اٹھایا۔ پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیاء لندن میں ہیں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کی شاہانہ اشعر حج پر گئی ہوئی ہیں۔ جی ڈی اے کے تھرپارکر سے منتخب رکن عبدالرزاق راہموں کے حلقے کے نتائج روک لیے گئے تھے اور وہ تاحال رکنیت کا حلف نہیں اٹھا سکے ہیں۔