عامر خان نے دوسری شادی پر پہلی بار خاموشی توڑ دی

عامر خان نے دوسری شادی پر پہلی بار خاموشی توڑ دی
کیپشن: وہ 2005 میں شادی سے پہلے کافی وقت تک اکھٹے رہے

ممبئی: بالی ووڈ سٹار عامر خان اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنا زیادہ پسند نہیں کرتے مگر اب پہلی بار انہوں نے اپنی دوسری شادی کے بارے میں خاموشی توڑ دی ہے۔

 عامر خان نے اپنی دوسری بیوی کرن راﺅ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح وہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے جبکہ سابقہ بیوی سے ان کا تعلق کیسا ہے۔

عامر خان نے بتایا ' میری کرن سے پہلی ملاقات فلم لگان کی تیاری کے دوران ہوئی، وہ اس وقت اسٹنٹ ڈائریکٹرز میں سے ایک تھی، مگر فلم کے دوران ہمارے درمیان کوئی تعلق نہیں بنا بلکہ ہم تو اچھے دوست بھی نہیں تھے، وہ میرے لیے بس یونٹ کے عملے میں شامل ایک فرد تھی، مگر جب میری پہلی بیوی سے علیحدگی ہوئی تو کچھ وقت کے بعد میری کرن سے پھر ملاقات ہوئی'۔

انہوں نے مزید بتایا ' اس مشکل وقت میں کرن کا فون آیا اور میں اس سے کافی دیر تک بات کرتا رہا، جب میں نے فون بند کیا تو خود سے کہنے لگا مائی گاڈ اس سے بات کرکے مجھے کتنی خوشی ہوتی ہے'۔اس فون کال کے بعد عامر خان اور کرن راﺅ کے درمیان رشتہ بن گیا اور وہ 2005 میں شادی سے پہلے کافی وقت تک اکھٹے رہے۔پہلی بیوی رینا دتہ سے علیحدگی کے 3 سال بعد عامر خان نے دوسری شادی کی تھی ' میں کرن کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتا، میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں اور اپنی زندگی میں اس کی موجودگی پر شکرگزار ہوں، وہ بہت زبردست شخصیت کی مالک ہے اور میں خوش قسمت ہوں کہ وہ میری زندگی میں شامل ہے'۔

اپنی پہلی بیوی کے بارے میں انہوں نے بتایا ' رینا بھی بہت زبردست تھی، کئی بار رشتہ چل نہیں پاتا مگر میں ان سے محبت اور احترام کرتا ہوں، درحقیقت ہم دونوں ایک پراجیکٹ میں اکھٹے کام کررہے ہیں اور وہ اس کمپنی کی سی او او ہیں'۔اپنے کیرئیر پر کرن راﺅ کے اثرات کے بارے میں بھی انہوں نے بات کی ' میں کافی زیادہ خود پسند شخص ہوں، جب میں کسی فلم میں کام کررہا ہوں تو میری ساری توجہ اسی پر مرکوز ہوتی ہے، خاندان میری توجہ کا مرکز نہیں رہتا، کرن نے مجھے ایک سال قبل کہا تھا کہ آپ جانتے ہیں کہ آپ کو ہم میں کوئی دلچسپی نہیں، مگر مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی بری چیز ہے'۔

عامر خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے نظام الاوقات میں تبدیلی کی اور رات 8 بجے تک بیٹے آزاد کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، اس کے سونے کے بعد ہی وہ دیگر افراد سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔