ٹی 20 رینکنگ : فنچ کی لمبی چھلانگ،نمبر ون بیٹسمین بن گئے،فخر زمان کا دوسرا نمبر

ٹی 20 رینکنگ : فنچ کی لمبی چھلانگ،نمبر ون بیٹسمین بن گئے،فخر زمان کا دوسرا نمبر
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کی ہے،آسٹریلیا کے موجودہ کپتان ایرون فنچ 3 کھلاڑیوں پر چھلانگ لگاتے ہوئے 891پوائنٹس کے ساتھ بیٹسمینوں میں ٹاپ رینک کھلاڑی بن گئے ہیں جس کی وجہ سے 842پوائنٹس کے مالک پاکستان کے فخر زمان دوسرے اور بھارت کے لوکیش راہول 812پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔کولن منرو(801)،بابر اعظم(765) اور گلین میکسویل (761)بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں،نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 7ویں ، انگلینڈ کے ایلکس ہیلز آٹھویں ،آسٹریلیا کے ڈارسی شارٹ 9ویں اور بھارت کے روہت شرما دسویں نمبر پر موجود ہیں۔


بالرزکی فہرست میں افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان 813پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان کے شاداب خان 723پوائنٹس لے کر بدستور پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں،نیوزی لینڈ کے اش سوڈھی تیسرے، بھارت کے یزودل چاہل چوتھے،نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر پانچویں،آسٹریلیاکے اینڈریو ٹائی چھٹے،ویسٹ انڈیز کے سیمیول بدری ساتویں،انگلینڈ کے عادل رشید آٹھویں،افغانستان کے محمد نبی نویں اور جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر دسویں نمبر پر موجود ہیں۔


ٹیم رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم 132پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہے، بھارت(124)، آسٹریلیا(122)، انگلینڈ(117) ، نیوزی لینڈ(116) ، جنوبی افریقا(114) ، ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن ویسٹ انڈیز(106) ، افغانستان(91)، سری لنکا (85)اور بنگلہ دیش(77) دوسرے سے 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔سکاٹ لینڈ کی ٹیم62پوائنٹس کے ساتھ 11ویں ، زمبابوے56پوائنٹس لے کر 12ویں،متحدہ عرب امارات51پوائنٹس کے ساتھ 13ویں ،ہالینڈ کی ٹیم50پوائنٹس کے ساتھ14ویں ،ہانگ کانگ کی ٹیم 42پوائنٹس لے کر15ویں ، اومان کی کرکٹ ٹیم 39پوائنٹس کے ساتھ16ویں اور پاکستان کے خلاف رواں سال مئی میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی آئر لینڈ کی ٹیم35پوائنٹس کے ساتھ 17ویں نمبر پر براجمان ہے۔