23سال سے عمران خان کی کوششوں سے ایوان میں پہنچے ہیں،محمود خان 

23سال سے عمران خان کی کوششوں سے ایوان میں پہنچے ہیں،محمود خان 
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پشاور: خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ وہ اپنا حلقہ کھولنے کیلئے  تیار  ہیں چاہے اس کا نتیجہ کچھ بھی ہو ۔ ہمیں اس ایوان میں تلخی نہیں بڑھانی چاہیے ۔یہ تاثر غلط ہے کہ ہمیں کسی نے کندھا مہیا کیا ہے اور ہم کسی کے کاندھے پر یہاں پہنچے ہیں۔ 23سال سے عمران خان کی کوششوں سے ایوان میں پہنچے ہیں ۔

وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت اور اپوزیشن اراکین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ساتھ مل کر چلنے کی درخواست کی۔محمود خان نے کہا کہ وہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر صوبے کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ میڈیا اور بیوروکریسی کو بھی اس صوبے کے مفاد کے لئے تحریک انصاف کا ساتھ دینا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور کرپشن سے پاک حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور عمران خان کے اس ویژن پر  کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس وقت خیبرپختونخوا   کو  فاٹا  انضمام پر  عملدرآمد  ایک بڑا  مسئلہ ہے اور اس پر عمل درآمد  کرنا حکومت کیلئے ایک چیلنج سے کم نہیں ہے۔ امید ہے کہ اپوزیشن اس پر ساتھ دے گی کیونکہ فاٹا پر سب پارٹیوں کا ایک ہی موقف ہے اور  میری اپوزیشن سے امید ہے  کہ وہ فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد پر حکومت کا ساتھ دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کو جوابدہ بنائیں گے اور اس اسمبلی کے وقار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں منتخب اراکین کو عوام نے اپنے مسائل کے حل کیلئے بجھوایا ہے اگر ہم ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے تو ہمیں یہاں بیٹھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔