مقبوضہ کشمیر کی صورتحال،سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال،سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد:انتہا پسند مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر آئینی اقدام پر غور کرنے کے لئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بند کمرے میں ہو گا۔سلامتی کونسل کا اجلاس آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔

یاد رہے پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر سلامتی کونسل کو لکھے خط میں اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی جس کی حمایت روس نے بھی کی تھی۔خیال رہے کہ 50 سال بعد اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوگی جسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی سمجھا جارہا ہے۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا راستہ امن کا راستہ ہے اور ہم نے کبھی جنگ کو ترجیح نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اور اسی وجہ سے بھارت سلامتی کونسل اجلاس کی مخالفت کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری روسی ہم منصب سے مفصل گفتگو ہوئی جن کو تفصیل سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لندن میں آج تاریخی اجتماع ہوگا۔