طالبان نے افغان سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کا چارج سنبھالتے ہی اہم پیغام جاری کر دیا 

Afghanistan,Kabul,US Forces,Afghan Peace Process,Afghan Taliban Radio TV

قندھار:کابل فتح کرنے کے بعدطالبان نے افغانستان کے سرکاری ٹی وی اورریڈیو سٹیشن کا چارج بھی سنبھال لیا ،طالبان رہنما احمد متقی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ریڈیو کابل پہنچے اور باقاعدہ عوام کے نام اہم پیغام بھی جاری کیا ۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے افغان سرکاری ٹی وی چینل اور ریڈیو کا چارج سنبھالنے کے بعد باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے ،جس میں طالبان رہنما احمد متقی نے اپنے پہلے ریڈیو بیان میں افغان عوام کو مخاطب ہو کر پر امن رہنے کی اپیل کی ،اپنے اعلان میں کابل فتح کرنے کے دوسرے ہی روز طالبان نے افغان جنگ کے خاتمہ کا بھی اعلان کر دیا ۔

کابل فتح ہونے کے بعد طالبان نے تمام سرکاری تنصیبات اپنے کنٹرول میں لے لی ہیں، اور شہر میں گاڑیوں میں گشت کیا جا رہا ہے، طالبان نے کچھ چوکوں پر ٹریفک کا نظام بھی سنبھالا ہوا ہے، جب کہ سڑکوں پر شہریوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے، تعلیمی ادارے اور دکانیں بند ہیں۔

طالبان کی جانب سے عالمی برادری سے پُر امن تعلقات کا عندیہ بھی دیا گیا ہے، طالبان کے سیاسی امور کے ترجمان محمد نعیم کہتے ہیں کسی کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے، کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا افغانستان میں جلد نیا نظام حکومت تشکیل دیا جائے گا، اس سلسلے میں ہم تمام افغان رہنماؤں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

ملا عبدالغنی برادر نے کہا کہ اب ہمارے امتحان اور آزمائش کا وقت ہے، جس طرح کامیابی ملی، سوچا بھی نہیں تھا، تاہم اب پہلے سے زیادہ ذمہ داری آ گئی ہے۔