کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب ، افغان صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی

کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب ، افغان صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج  طلب کر لیا۔ 17 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ۔ اجلاس کو افغانستان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس آج  دن بارہ بجے ہوگا ۔ ایجنڈے کے مطابق اہم شخصیات کو سیکیورٹی پروٹوکول ، سرکاری ملازمین کی ویکسی نیشن ، پاکستان پوسٹ کی لیز پالیسی ، انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن کے ڈی جی کی تقرری ، وزارت ہاؤسنگ کی 104 ایکڑ زمین کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔

اجلاس میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران کی تقرریوں کے قواعد و ضوابط طے کیے جائیں گے۔ اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں تبدیلی کے مجاز کمیشن کی از سرنو تشکیل کی منظوری دی جائے گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے ، مسابقتی اپیلٹ ٹریبونل اسلام آباد میں ٹیکنیکل ممبر کی تقرری ، کورنگی فش ہاربر اتھارٹی کے ایم ڈی کی تقرری ، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین کا اضافی چارج ، نیشنل ڈہزاسٹر رسک مینیجمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تقرری کی بھی منظوری دی جائے گی۔

پاکستان نیشنل کوالٹی پالیسی 2021 کی منظوری ، ای سی سی اور نجکاری کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔