سلمان بٹ کی شاندار کارکردگی کی بدولت واپڈا پہلی مرتبہ قائد اعظم ٹرافی کی چیمپیئن

سلمان بٹ کی شاندار کارکردگی کی بدولت واپڈا پہلی مرتبہ قائد اعظم ٹرافی کی چیمپیئن

کراچی: واپڈا نے سلمان بٹ کی دونوں اننگز میں سنچریوں کی بدولت پہلی مرتبہ قائد اعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں 21 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد رمیز عزیز کی عمدہ اننگز کی بدولت حبیب بینک نے پہلی اننگز میں 236 رنز بنائے۔

جواب میں سلمان بٹ کی عمدہ سنچری اور 162 رنز کی اوپننگ شراکت سے تقویت پاتے ہوئے واپڈا نے 278 رنز بنا کر 42 رنز کی برتری حاصل کی۔پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہونے والی حبیب بینک کی بیٹنگ لائن نے دوسری اننگز میں واپڈا کی باؤلنگ لائن کو تختہ مشق بنا دیا اور اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 303 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

فخر 170 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو احمد شہزاد وکٹ پر آئے اور مزید 182 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔حبیب بینک نے دوسری اننگز میں 485 رنز بنائے، امام الحق 200 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ احمد شہزاد نے 104 رنز بنائے۔444 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں واپڈا کی ٹیم 36 رنز پر دو وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہوئی لیکن سلمان بٹ ایک مرتبہ پھر حبیب بینک کے باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے۔

حبیب بینک نے محمد سعد کو آؤٹ کر کے تیسری کامیابی حاصل کی لیکن سلمان بٹ کی لاجواب اننگز کے سامنے باؤلرز بے بس رہے جنہوں نے کھیل کے آخری اور پانچویں دن تمام اوورز تک بیٹنگ کرتے ہوئے 337 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو میچ میں شکست سے بچایا۔

جب دونوں ٹیموں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ ہوا تو واپڈا نے تین وکٹ کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے، سلمان بٹ نے 105 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پہلی اننگز میں برتری کی بدولت واپڈا کی ٹیم قائد اعظم ٹرافی کی فاتح قرار پائی اور پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

کامران اکمل نو میچوں میں 1035 رنز بنا کر ایونٹ کے سب سے کامیاب بلے باز جبکہ محمد عباس 71 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔