بڑھاپا اب ماضی کا قصہ بننے کے قریب؟

بڑھاپا اب ماضی کا قصہ بننے کے قریب؟

کیا بالوں میں سفیدی اور آنکھوں کے گرد جھریاں اب اگلے 10 برسوں میں ختم ہوجائیں گے؟ کم از کم طبی ماہرین کو تو ایسا ہی لگتا ہے جنھوں نے جانوروں میں بڑھاپے کو واپس ریورس کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکا کے سالک انسٹیٹوٹ کے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایسی نئی تیکنیک کا استعمال کیا ہے جس سے بالغ خلیات کو واپس بچپن کی حالت میں لایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے چوہوں میں بڑھاپے کو ریورس کرنے کے تجربات میں کامیابی حاصل کی جس سے وہ نہ صرف کم عمر نظر آنے لگے بلکہ ان کی عمر بھی 30 فیصد تک بڑھ گئی۔

اس تیکنیک میں چار جینز کو حرکت میں لایا جاتا ہے اور لیبارٹری تجربات میں انسانی خلیات کی عمر کو بھی ریورس کرنے میں کارآمد پائی گئی۔

محققین کو توقع ہے کہ وہ بتدریج ایسی دوا تیار کرنے کے قابل ہوجائیں گے جو کہ بڑھاپے کے عمل کو سست بلکہ اسے واپس کرنے میں بھی کامیاب ہوسکے گی۔

ان کا دعویٰ ہے کہ دس سال کے اندر انسانوں پر اس کی آزمائش شروع ہوجائے گی۔

تحقیقی ٹیم میں شامل ڈاکٹر جوآن کارلوس کے مطابق ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ بڑھاپا صرف ایک سمت سے آگے نہیں بڑھتا مگر محتاطر طریقے سے اسے ریورس کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یقیناً چوہے انسان نہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ کسی فرد میں یہ عمل زیادہ پیچیدہ ہوگا۔

ان کے بقول چار جینز کو حرکت دینے سے بڑھاپے کے عمل کو ریورس کیا جاسکتا ہے جس سے کسی قسم کے مضر اثرات بھی جسم پر مرتب نہیں ہوتے۔

محققین کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ اس طرح کی کامیابی حاصل کی گئی جس سے مستقبل میں لوگوں کی صحت زیادہ عرصے تک برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔