قرض چکانے کے لیے کیوبا کی شراب کی پیش کش

قرض چکانے کے لیے کیوبا کی شراب کی پیش کش

پراگ میں حکام کا کہنا ہے کہ کیوبا نے چیک رپبلک کا لاکھوں ڈالر کا قرض ادا کرنے کے لیے ایک غیر معمولی راستہ اختیار کرتے ہوئے اسے اپنی معروف شراب 'رم' کی بوتلوں کی پیش کش کی ہے۔

جمہوریہ چيک کی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس مسئلے پر حالیہ مذاکرات کے دوران کیوبا نے اس امکان پر بات چيت کی تھی۔کیوبا جمہوریہ چيک کا 27.6 کروڑ ڈالرکا مقروض ہے اور اگر چیک یہ پیش کش قبول کر لیتا ہے تو اسے کیوبا کی رم اتنی مقدار میں حاصل ہوسکتی ہے کہ ایک صدی تک ختم نہیں ہو گی۔لیکن پراگ میں حکام کا کہنا ہے کہ اس میں سے کم سے کم کچھ نقد رقم تو ملنے کی انھیں امید ہے۔

کیوبا پر یہ قرض سرد جنگ کے اس دور کا ہے جب کیوبا اور اس وقت چیکو سلواکیہ کے نام سے معروف چیک رپبلک کمیونسٹ بلاک کا حصہ ہوا کرتے تھے۔

پراگ میں بی بی سی کے نامہ نگار راب کیمرون کا کہنا ہے کہ اس وقت کیوبا کے پاس بہت زیادہ پیسہ تو نہیں لیکن اس کے پاس بڑی مقدار میں رم موجود ہے اسی لیے اس طرح کی پیش کش کی گئی ہے۔

جمہوریہ چيک کی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ قرض کی ادائیگی رم یا پھر دیگر دواؤں کے ذریعے بھی ممکن ہے۔بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق چونکہ کیوبا کی دوائیں یورپی یونین کی جانب سے منظور شدہ نہیں ہیں اس لیے جمہوریہ چیک میں مقبول ترین اس کی روایتی دوا (یعنی رم) کے ذریعے یہ قرض آسانی سے ادا کیا ہو سکتا ہے۔