فضل الرحمان نے پشتونوں کیلئے غلط الفاظ استعمال کیے :شہباز گل

 فضل الرحمان نے پشتونوں کیلئے غلط الفاظ استعمال کیے :شہباز گل

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو لوٹا ،وزیراعظم نے کہا تھا جب میں ان پر ہاتھ ڈالوں گا یہ اکٹھے ہو جائیں گے ،اپوزیشن کے پاس کوئی بات نہیں صرف این آر او چاہیے جبکہ فضل الرحمان نے پشتونوں کیلئے غلط الفاظ استعمال کیے ۔


تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اپوزیشن اتحاد پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ این آراو نہ ملنے کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہیں،فضل الرحمان نے جلسے میں گالم گلوچ کی ،جس کی ہر طرح سے مذمت کرتا ہوں ،محموداچکزئی نے پنجاب میں جاکر پنجابیوں کو زخم دیا جبکہ محموداچکزئی کے کراچی کے بیان کی بھی مذمت کرتا ہوں۔


شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں موجود 70 فیصد چینی چور ہیں،کرپشن کا خاتمہ ،قانون کا یکساں اطلاق وزیراعظم کا مشن ہے ،پہلی لہرمیں اپوزیشن کورونا پھیلا کر حکومت گرانا چاہتی تھی جبکہ دوسری لہرمیں اپوزیشن معیشت تباہ کرکے حکومت گرانا چاہتی ہے ۔


معاون خصوصی نے کہا کہ لاک ڈائون پر چور کہتے تھے کسی کی موت ہو گئی توحکومت ذمہ دار ہو گئی ،دوسری مہرمیں کہتے ہیں کسی لاک ڈائون کی ضرورت نہیں،جب مافیا پر ہاتھ ڈالا گیا چینی مہنگی کردی گئی ۔


شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ سب ملکر اپنی فرسٹریشن نکال رہے ہیں،کورونا کے باوجود معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے جبکہ دواسازی کی پیداوار میں 11.3 فیصد اضافہ ہوا ۔