لاہور میں خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام،ایک ملزم ہلاک

Attempt to abduct woman fails in Lahore, one accused killed

لاہور:صوبائی دارالحکومت کے علاقے لیاقت آباد میں ڈولفن پولیس کی جانب سے خاتون کو اغوا کرنے اور زیادتی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا جبکہ ایک ملزم بھی ہلاک ہوگیا۔


تفصیلات کے مطابق  ڈولفن پولیس نے 15 کی کال پر اس وقت ریسپانڈ کیا جب 4 مسلح ملزمان نے خاتون کو اغوا کرکے عصمت دری کرنے کیلئے ویرانے میں لے جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے خاتون کی عزت کو محفوظ بناتے ہوئے تھانہ لیاقت آباد منتقل کردیا۔


ڈولفن پولیس کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک خاتون کو رکشہ پر سوار تھی اس کو 4 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اغوا کرنے کی کوشش کی جبکہ 15 پر کال کے بعد ٹیم پہنچی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی،لیکن فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس کی شناخت جہانگیر کے نام سے ہوئی اور جو کہ ریکارڈ یافتہ نکلا،ہلاک ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔


واقعے کے بعد پولیس نے خاتون کے رشتہ دارکی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں ملزم اور ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل،پولیس مقابلہ اور اغوا کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔


اس واقعے کے بعد ہلاک ہونے والے ملزم جہانگیر کے اہلخانہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پیکو روڈ کو بلاک کردیا اور اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا اور الزام لگایا کہ جعلی پولیس مقابلے میں جہانگیر کو قتل کیا گیا ہے جبکہ جہانگیر کسی قسم کی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہا ہے۔


اس واقعے پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسپلن امین بخاری کو انکوائری کرنے کا حکم دیتے ہوئے 72 گھنٹو ں میں رپورٹ طلب کرلی۔