یو اے ای ایک صدی بعد مریخ پر انسانی شہر آباد کرے گا

یو اے ای ایک صدی بعد مریخ پر انسانی شہر آباد کرے گا

دبئی :متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایک صدی بعد 2117ءمیں مریخ پر ایک انسانی شہر آباد کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ دبئی کے سو سالہ قومی پروگرام برائے سائنسی ترقی کا حصہ ہے۔اس کے تحت لوگوں کو مریخ پر لے جایا جائے گا۔اس اعلان کے دوران ایک ورچوئل پریزینٹیشن دی گئی ہے اور اس میں مریخ پر شہر کے تصور کے بارے میں مکمل تصویری تفصیل بیان کی گئی ہے۔
اس منصوبے پر اس شعبے میں خصوصی مہارت رکھنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور سائنسی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا۔اماراتی انجنیئروں کی ایک ٹیم ،سائنس دانوں اور محققین کے ایک گروپ نے مریخ پر پہلے انسانی شہر کو آباد کرنے کا تصور پیش کیا ہے۔یہ شہر روبوٹس بنائیں گے،،شیخ محمد نے ایک بیان میں کہاکہ دوسرے سیاروں پر انسانوں کو بھیجنا ایک طویل عرصے سے خواب رہا ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ یو اے ای اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرے گا۔


انھوں نے مزید کہا کہ انسانی خواہشات کی کوئی حد نہیں ہے اور جو کوئی بھی اس صدی کی سائنسی ایجادات کی جانب دیکھتا ہے، وہ اس بات میں یقین رکھتا ہے کہ انسانی صلاحیتیں اس اہم انسانی خواب کو حقیقت کا روپ دے سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نیا منصوبہ ایک ایسا بیج ہے جو آج ہم بو رہے ہیں اور ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ اگلی نسلیں اس کے ثمرات سے فائدہ اٹھائیں گی۔