فصل کو بُری نظر سے بچانے کیلئے کسان نے سنی لیونی کی تصویر لگا دی

فصل کو بُری نظر سے بچانے کیلئے کسان نے سنی لیونی کی تصویر لگا دی

آندھر پردیش: جنوبی بھارت میں یہ عقیدہ عام ہے کہ گھر کے باہر کوئی ڈراؤنی مورتی یا نظر بٹو لگانے سے بُری نظر نہیں لگتی اور بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ بُری نظر لگنے سے فصل خراب ہو جاتی ہے۔ اپنے کھیت میں اداکارہ سنی لیونی کا پوسٹر لگانے والا ایک کاشتکار آج کل خبروں میں ہے جس کا نام چینچو ریڈی ہے ۔

ریاست آندھر پردیش کے ایک گاؤں میں رہنے والے ریڈی کا کہنا ہے کہ انہوں نے سنی کا یہ پوسٹر اپنی شاندار فصل کو بری نظر سے بچانے کے لیے لگایا ہے۔ ان کے پاس دس ایکڑ زمین ہے جس پر وہ بینگن ، گوبی، مرچ اور بھنڈی جیسی سبزیوں کی کاشت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سال فصل بہت اچھی ہوئی ہے اور وہاں سے گزرنے والے تمام لوگ ان کی فصل کو دیکھ رہے ہیں انہوں نے لوگوں کی توجہ اپنی فصل سے ہٹانے کے لیے سنی کا پوسٹر لگایا ہے تاکہ لوگ ان کی فصل کے بجائے سنی کو دیکھیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ ان کا یہ فارمولہ کام کر رہا ہے اور لوگوں کی بُری نظر اب ان کی فصل سے ہٹ گئی ہے۔ ریڈی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس میں تھوڑی تبدیلی کی اور سنی کی خوبصورت تصویر لگا دی اور یہ طریقہ کام کر رہا ہے۔

اس طرح کے عقائد پر تنقید کرتے ہوئے ایک اور کسان گوگی نینی بابو کا کہنا ہے کہ یہ سب بے بنیاد ہے کسی کی نظر سے فصل کیسے خراب ہو سکتی ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ سب اندھے عقائد کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پوسٹر کی وجہ سے کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین مزدور بھی پریشان ہوں گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں