احسان اللہ احسان کہاں ہے؟پشاور ہائیکورٹ کا وفاقی حکومت سے جواب طلب

احسان اللہ احسان کہاں ہے؟پشاور ہائیکورٹ کا وفاقی حکومت سے جواب طلب

پشاور:ہائیکورٹ نے کالعدم پاکستان تحریک طالبان کے گرفتار سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی عدالت عدم پیشی کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔

عدالت عالیہ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس افسر شاہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے فضل ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کی ۔اس موقع پر درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ احسان اللہ احسان سانحہ اے پی ایس کے ماسٹر مائنڈ تھے وہ شہید بچوں کا قاتل ہے جس نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی ذمہ داری قبول کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ احسان اللہ احسان ایک سال سے حکومت کا مہمان بنا ہوا ہے انہیں انصاف کے کٹہرے میں اب تک کیوں نہیں لایا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے پہلے ہی سابق ترجمان ٹی ٹی پی کو رہا نہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد احسان اللہ احسان کو رہا نہ کرنے کے احکامات برقرار رکھتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔