ملا لہ کو پاکستان میں پابندی کا شکار فلم ”پیڈ مین“ دکھانے کی تیاریاں

ملا لہ کو پاکستان میں پابندی کا شکار فلم ”پیڈ مین“ دکھانے کی تیاریاں

ممبئی : پاکستان میں پابندی کا شکار بالی ووڈ میں خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار کی گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’پیڈ مین‘ کو خصوصی طور پر نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی کو دکھانے کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔


بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق فلم ڈائریکٹر آر بالکی نے اس بات کی تصدیق کی کہ ملالہ یوسف زئی کو ’پیڈ مین‘ دکھانے کے خصوصی انتظامات کر رہے ہیں۔آر بالکی نے کہا کہ انہوں نے ملالہ یوسف زئی کو فلم دکھانے کیلئے لاجسٹک انتظامات کو مکمل کرنے کا کام شروع کردیا ، جلد انتظامات کی تکمیل کے بعد پاکستانی نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن کیلئے فلم کی خصوصی نمائش کی جائیگی۔

فلم ڈائریکٹر نے ملالہ یوسف زئی کی سپورٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے روشن خیالی سے کام لیتے ہوئے ان کی فلم کی حمایت کی جس وجہ سے وہ بھی ان کیلئے فلم کی خصوصی نمائش کرنے جا رہے ہیں۔آر بالکی نے ملالہ یوسف زئی کی جانب پیڈ مین کی تشہیر اور سپورٹ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے سماجی کاموں کی بھی تعریف کی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ملالہ یوسف زئی کیلئے پیڈ مین کی نمائش کب اور کہاں کی جائے گی اور کیا اس خصوصی نمائش میں کچھ اور سماجی رہنما بھی شرکت کریں گے یا نہیں تاہم فلم کی ٹیم نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ وہ ملالہ یوسف زئی کو خصوصی طور پر ’پیڈ مین‘ دکھانے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔

واضح رہے کہ ’پیڈ مین‘ میں اکشے کمار، سونم کپور اور رادھیکا آپٹے نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔فلم کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔