کاپی رائٹس کی خلاف ورزی،زوہیب حسن کا پی ایس ایل انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا اعلان

کاپی رائٹس کی خلاف ورزی،زوہیب حسن کا پی ایس ایل انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا اعلان
تصویر بشکریہ زوہیب حسن فیس بک

دبئی :پاکستان سپر لیگ سیز ن 4 میں ڈسکو دیوانے اجازت کے بغیر گانے پر سابق پاپ سٹار نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے پی ایس ایل انتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو ہوا تھا اور اس کی افتتاحی تقریب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ہوئی تھی۔افتتاحی تقریب میں متعدد گلوکاروں نے معروف گانے پیش کیے۔

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گلوکارہ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے ماضی کے مقبول گانے ’ڈسکو دیوانے‘ پر پرفارمنس کی تھی۔ڈسکو دیوانے کو ماضی میں پاپ گلوکارہ نازیہ حسن اور زوہیب حسن نے گایا تھا جو گلوکار زوہیب حسن کی بہن تھیں۔’ڈسکو دیوانے‘کو اجازت کے بغیر پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گانے پر زوہیب حسن نے برہمی کا اظہار کیا اور ایونٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

زوہیب حسن نے اپنی فیس بک پوسٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پی ایس ایل ایونٹ جیسی انتظامیہ نے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کی۔زوہیب حسن نے اپنی مختصر پوسٹ میں واضح کیا کہ اجازت کے بغیر ’ڈسکو دیوانے‘ کو تقریب میں پیش کیے جانے پر وہ پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کریں گے۔زوہیب حسن نے گلوکارہ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

زوہیب حسن کی جانب سے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پر پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے اعلان کے بعد تاحال پی ایس ایل عہدیداروں نے کوئی بیان نہیں دیا۔خیال رہے کہ ڈسکو دیوانے میوزک البم 1980 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

اگرچہ اس البم کے دیگر گانے بھی معروف ہوئے تھے تاہم ’ڈسکو دیوانے‘ گانے نے دنیا بھر اور خصوصی طور پر جنوبی ایشیا میں دھوم مچادی تھی۔ گانے میں نازیہ حسن اور زوہیب حسن نے شاندار پرفارمنس دے کر اس گانے کو شہرت بخشی تھی۔نازیہ حسن اور زوہیب حسن کے اسی گانے کو بھارتی موسیقاروں نے بھی کاپی کیا اور اس کے ریمیک بنائے۔