خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع
عدالت نے تفتیشی حکام کو خواجہ برادران کے خلاف حتمی رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کر دی۔ عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔


احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ کیس کی سماعت کی۔ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا۔ لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کی جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا پر فیصلہ دیا۔

عدالت نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان کے خلاف ریفرنس کا کیا بنا اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ 90 روز پورے ہونے تک پیراگون کا ریفرنس پیش کردیا جائے گا۔

عدالت نے تفتیشی حکام کو خواجہ برادران کے خلاف حتمی رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا اور جلدی ریفرنس دائر کرنے کے لیے تفتیشی افسر کو بھی جلدی کام کرنے کی ہدایت کی جبکہ عدالت نے خواجہ برادرن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک 16 روز کی توسیع کر دی۔

خیال رہے کہ نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں خواجہ برادران کو گزشتہ سال 11 دسمبر کو گرفتار کیا۔