چیئرمین نیب نے ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا

چیئرمین نیب نے ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا
کیپشن: چئیرمین نیب نے ڈاکٹر عبدالصمد کو 18 فروری کو اسلام آباد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چئیرمین نیب جاوید اقبال نے ڈاکٹر عبدالصمد کو 18 فروری کو اسلام آباد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد کو ریکارڈ اور مبینہ الزامات کی تفصیلات سمیت پیش کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب ڈاکٹر عبدالصمد کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جبکہ ان کی عزت نفس کو یقینی بنایا جائے اور آئین و قانون کے مطابق انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔

خیال رہے کہ نیب نے گزشتہ روز ڈاکٹر عبدالصمد کو گرفتار کیا جس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے شکوہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی کی شکایت پر ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا نوٹس لیا تھا۔