ضمنی الیکشن: سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر پولنگ شروع

By-election: Polling begins on 2 seats of Sindh Assembly and 1 seat of Balochistan Assembly
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی/ کوئٹہ: سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

کراچی میں ملیر کے حلقے پی ایس اٹھاسی میں 108 پولنگ سٹیشن اور 410 پولنگ بوتھس قائم جبکہ تینتس پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ نشست غلام مرتضیٰ جتوئی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی، مرحوم صوبائی وزیر کچی آبادی تھے۔

اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 627 ہے۔ اس حلقے میں آزاد امیدواروں کیساتھ ساتھ ایم کیو ایم کی جانب سے ساجد احمد، تحریک انصاف کے امیدوار جان شیر جونیجو اور پیپلز پارٹی کے یوسف بلوچ میدان میں اترے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 88 میں مرد ووٹروں کی تعداد 81 ہزار 425 اور خواتین ووٹروں کی تعداد 64 ہزار 202 ہے۔ اس حلقے میں 108 پولنگ سٹیشنز اور 410 پولنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں۔

حلقہ 43 سانگھڑ تھری میں ضمنی الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی خان اور پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو مدمقابل ہیں۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کے جام مدد علی خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

دوسری جانب حلقہ پی بی 20 پشین تھری پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ حلقے میں 113 پولنگ سٹیشن قائم سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔