خواجہ آصف کو جیل سے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا

خواجہ آصف کو جیل سے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا
کیپشن: خواجہ آصف کو جیل سے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو آنکھوں میں تکلیف کے باعث جیل سے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے خواجہ آصف کو جیل حکام میو اسپتال لے کر آئے کیونکہ خواجہ آصف آنکھوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا ۔سی ای او میو اسپتال پروفیسر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی آنکھوں میں سفید موتیا ہے اور ان کے ضروری ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شام تک خواجہ آصف کے ٹیسٹ کی رپورٹس آنے پر کل آپریشن کافیصلہ کیا جائے گا، خواجہ آصف صحت مند ہیں۔

واضع رہے کہ پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے ملک کے سابق وزیر خارجہ اور حزب اختلاف کے اہم رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔

گزشتہ سال 29 دسمبر کو جاری ہونے والے نیب کے اعلامیے کے مطابق ملزم کے خلاف نیب قانون این اے او 1999 کی شق (v) اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی سیکشن (3) کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔

نیب کا کہنا تھا کہ ملزم خواجہ آصف نے مبینہ طور پر اپنی آمدن سے زائد اثاثہ جات بنائے جبکہ اثاثہ جات کی نوعیت، ذرائع اور منتقلی کو بھی چھپایا۔ خواجہ آصف نے 1991 میں بطور سینیٹر عہدہ سنبھالا جو بعد ازاں مختلف ادوار میں وفاقی وزیر اور ایم این اے بھی رہے، عوامی عہدہ رکھنے سے قبل 1991 میں ان کے مجموعی اثاثہ جات 51 لاکھ روپے پر مشتمل تھے تاہم 2018 تک مختلف عہدوں پر رہنے کے بعد ان کے اثاثہ جات 221 ملین تک پہنچ گئے جو ان کی ظاہری آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

نیب لاہور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملزم خواجہ آصف نے متحدہ عرب امارات کی ایک فرم بنام ایم ایس امیکو (M/S IMECO) میں ملازمت سے 13 کروڑ روپے حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تاہم دوران تفتیش وہ بطور تنخواہ اس رقم کے حصول کا کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکے۔