کسی کے ایما پر آئین سے چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، مریم نواز

کسی کے ایما پر آئین سے چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، مریم نواز
کیپشن: کسی کے ایما پر آئین سے چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، مریم نواز
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا آئین کی واضح شق کے ہوتے ہوئے نظریہ ضرورت کو زندہ کرنا ملک اور قوم کیلئے بہت بڑا المیہ ہو گا۔ 

سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے سے متعلق آج سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا دعا اور امید ہے کہ ایک فرد کی خواہش اور ایک جماعت کو ریلیف دینے سمیت حکومت کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کیلئے اداروں کی ساکھ کو داو پر نہیں لگایا جائے گا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جس سے یہ تاثر جائے کہ کسی کے ایما پر آئین سے چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے۔ جو آئین میں واضح لکھا ہے اس پر الیکشن کمیشن کیسے دوبارہ غور کرسکتا ہے اگر کسی چیز کے لیے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے تو پھر اس کے لیے کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ اس مقصد کے لیے بیک ڈور رابطے کیے گئے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں ملنے والی درخواست کو مکمل طور پر رد کر دیا ہے۔

انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ آپ تحریک کا شوق پورا کریں لیکن اس کے لیے آپ کو پاکستان میں رہنا ہو گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز ہمیشہ سے ضدی ہیں۔ نواز شریف کی صاحبزادی کی سپریم کورٹ کو دھمکیوں کی کوشش ہے۔ انہوں ںے کہا کہ بھلے زبردستی میڈیکل کالج میں داخلہ ہو یا چچا کو ہٹا کر پارٹی پر قبضہ۔

ڈاکٹر شہبازگل نے کہا کہ والد نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا اور بیٹی بھی اسی راہ پر گامزن ہے لیکن یاد رہے کہ عمران خان نہ تو این آر او دے گا اور نہ ہی ای سی ایل میں تبدیلی ہو گی۔