شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی اور اب انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کے استقبال کیلئے کارکن اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں سابق وزیر کے وکیل سلمان اکرم راجہ، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون اور ایس ایچ او آبپارہ عدالت میں پیش ہوئے۔ 
شیخ رشید نے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست ہے، ایڈیشنل سیشن جج نے ایک الزام کی بناءپر ضمانت خارج کی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ الزام کیا عائد کیا گیا ہے؟ 
وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ نیوز چینل پر بیان دکھایا گیا جس کی بناءپر مقدمہ درج کیا گیا اور شیخ رشید اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔ 
تفتیشی افسر نے عدالت کو بیان دیا کہ شیخ رشید کے بیان کی تفصیلات پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے حاصل کی گئیں، آصف علی زرداری کی عمران خان کے خلاف مبینہ سازش کے شواہد شیخ رشید سے نہیں ملے۔ 
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کر لی اور 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض سربراہ عوامی مسلم لیگ کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔ 

مصنف کے بارے میں