اچھائی کبھی ضائع نہیں جاتی

اچھائی کبھی ضائع نہیں جاتی

لندن:  برطانوی شہر پریسٹن کی سڑکوں پر رات گزارنے والے ایک بے گھر شخص کی دریا دلی نے ایک طالبہ کو اس قدر متاثر کیا کہ اس کے احسان کا بدلہ اتارنے کیلئے طالبہ نے لاکھوں روپے کا فنڈ جمع کرلیا ہے۔ یونیورسٹی آف لنکا شائر کی طالبہ 22 سالہ ڈومینک ہیریسن کہتی ہیں کہ ایک رات تاخیر سے گھر واپس آتے ہوئے انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنی رقم کھوچکی ہیں۔ جب وہ پریشان حالت میں سڑک کنارے کھڑی تھیں تو رابی نامی مفلوک الحال شخص ان کے پاس آیا اور جب اسے معلوم ہوا کہ وہ رقم کھو جانے کی وجہ سے پریشان ہیں تو اس شخص نے اپنے پاس موجود کل رقم 3 برطانوی پاؤنڈ مدد کیلئے پیش کردئیے۔

ہیریسن کہتی ہیں کہ رابی نے اپنی کل رقم پیش کرتے ہوئے بحفاظت گھر پہنچنے کی تاکید کی تو ان کا دل بھر آیا کہ یہ شخص خود سڑک پر خالی ہاتھ رات گزارے گا لیکن اس کا دل کتنا مہربان ہے۔ انہوں نے گھر واپس آتے ہی فیسبک پر یہ واقعہ اپنے سب دوستوں کو بتایا اور سب سے اپیل کی کہ وہ صرف 3 پاؤنڈ کا عطیہ فراہم کریں تاکہ وہ نیا گھر خریدنے میں رابی کی مدد کرسکیں۔ ہیریسن نے محض دو ہفتے میں 13,000 پاؤنڈ جمع کرلئے ہیں اور اب وہ رابی کے گھر کیلئے پہلی قسط جمع کروانے کیلئے تیار ہیں۔ اس دل گداز واقع سے لوگ اس قدر متاثر ہوئے ہیں کہ ہیریسن کے دوستوں کے علاوہ بے شمار دیگر لوگ بھی عطیات بھیج رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں