زینب قتل کیس، ازخود نوٹس کی سماعت آج ہو گی

زینب قتل کیس، ازخود نوٹس کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد : چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل بنچ زینب قتل کیس ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور کو واقعے کی رپورٹ کے ساتھ طلب کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس منصورعلی شاہ نے زینب قتل کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی تو اس دوران طلب کیے جانے کے باوجود آئی جی پنجاب عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر چیف جسٹس نے سخت نوٹس لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ طلب کیے جانے کے باوجود آئی جی پنجاب کے پیش نہ ہونے سے لگتا ہے کہ پنجاب حکومت اور پولیس اس کیس میں سجیدہ نہیں ہے۔

یاد رہے پنجاب کے ضلع قصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جس کی لاش 9 جنوری کو کچرا کنڈی سے ملی۔ زینب کے قتل سے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس سے 2 افراد پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔

چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا جب کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت پر آئی جی پنجاب کو 36 گھنٹوں میں ملزم گرفتار کر کے رپورٹ دینے کا حکم دیا تھا لیکن ملزم گرفتار نہ ہو سکے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں