نثار ایک ہی الیکشن شیر کے نشان کے بغیر لڑے اور ہار گئے تھے، پرویز رشید

نثار ایک ہی الیکشن شیر کے نشان کے بغیر لڑے اور ہار گئے تھے، پرویز رشید

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پرویز رشید اور چودھری نثار کے درمیان  لفظی جنگ بڑھنے لگی۔ احتساب عدالت میں نواز شریف کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پرویز نے چودھری نثار کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کا بیان شروع ہی یہاں سے ہوا تھا کہ وہ بیان دینا پسند نہیں کرتے جس سے ان کی منافقت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ چودھری نثار ایک ہی الیکشن شیر کے نشان کے بغیر لڑے تھے جس میں وہ ہار گئے تھے۔ گزشتہ روز  پرویز رشید کے انٹرویو پر سابق وزیر داخلہ چودھری نثار برہم ہو گئے تھے۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ کونسلر کا الیکشن نہ لڑنے والا پارٹی کا پردھان منتری بن بیٹھا ہے۔ کسی شخص کی مضحکہ خیز باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا۔ وزیر اعظم اور نواز شریف ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیں جس کے بعد اس کے کرتوت سامنے آ جائیں گے۔

یاد رہے کہ رہنماء مسلم لیگ نون سینیٹر پرویز رشید نے نجی ٹی وی چینل کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار اگر با اصول آدمی ہیں تو پارٹی کی جان چھوڑ دیں جبکہ ڈان لیکس کے معاملے پر چودھری نثار فوج کے ایک گروہ کو خوش کرنا چاہتے تھے۔  پارٹی میں میرا ووٹ اس حق میں ہو گا کہ چودھری نثار کو پارٹی سے نکال دیا جائے۔ پرویز رشید نے یہ بھی کہا تھا کہ چودھری نثار کسی کی خوشنودی کیلئے مجھے پارٹی سے نکلوانا چاہتے تھے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں