نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

ہیملٹن :نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں جاری پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ کیویز کرکٹ ٹیم نے 263رنز کا ہدف باآسانی 5وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

ہیملٹن کے کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 262رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیتنے کیلئے 263رنز کا ہدف دیا جو کہ کیوی ٹیم نے 45.5اوورز میں کامیابی سے حاصل کرلیا۔

گرینڈ ہوم نے پاکستان کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45گیندوں پر 74رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل  کر اپنی ٹیم کو میچ جتوانے میں اہم کردار اداکیا،مارٹن گپٹل31،کولن منرو 56 اور کپتان کین ولیمسن 32رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ نکولس نے 52رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 3کھلاڑٰیوں کو آئوٹ کیا ،ان کے علاوہ رومان رئیس اور حارث سہیل نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کی طرف سے گراﺅنڈ میں بالکل نئی حکمت عملی اپنائی گئی ۔

اوپنر محمد حفیظ کو نیچے جبکہ آل راﺅنڈر فہیم اشرف کو فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کیلئے بھیجا گیا تاہم یہ تجربہ زیادہ کامیاب ثابت نہ ہوا اور فہیم اشرف صرف 4 گیندوں پر ایک رن بنا کر ٹم ساﺅتھی کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ ویرات کوہلی بننے کے خواب دیکھنے والے بابر اعظم اس میچ میں بھی فلاپ فلم ثابت ہوئے اور وہ بھی 3 رنز پر ٹم ساﺅتھی کے گیند پر کیپر ٹام لیتھم کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔

فخر زمان اور حارث سہیل نے وکٹوں کی پت جھڑ میں بہار کا سامان کرتے ہوئے 86 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی، فخر زمان 54 رنز بنا کر سانتر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ خزاں میں پتوں کی طرح بکھرتی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کیلئے کپتان سرفراز احمد نے آزمودہ گھوڑے شعیب ملک کو میدان میں اتارا لیکن سالوں کا تجربہ کیویز کی صرف 8 گیندوں کا سامنا کر پایا اور ولیمسن کی گیند پر سانتر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگیا۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔