احتجاج آئینی حق ، حکومت کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے :محمود الرشید

احتجاج آئینی حق ، حکومت کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے :محمود الرشید

لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ احتجاج آئینی حق ہے، حکومت کی کوئی شرارت ےاورکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی ، اوچھے ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید نے  پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ وقت آ گیا قوم ان جعلی اور قاتل حکمرانوں کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے  ، یہ کونسی جمہوریت ہے جس میں عوام صاف پانی، تعلیم، صحت جیسی بنیادی انسانی حقوق ، پڑھے لکھے نوجوان روزگار ، کسان اپنی فصل کے اصل معاوضے سے محروم ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ ملک کا چیف جسٹس ان بنیادی حقوق کیلئے اپنے اختیارات استعمال کرے تو خوفزدہ اور ڈکٹیٹر نما حکمران تنقید شروع کر دیتے ہیں ، مشترکہ احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، یہاں پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکمران خاندان اپوزیشن متحد ہونے سے پریشان ہیں۔

محمود الرشید نے کہا کہ سکیورٹی خدشات اپنی جگہ لیکن کیا ماڈل ٹاﺅن اور قصور میں جو ہوا وہ دہشت گردی نہیں تھی ، انہوں نے حکومت پنجاب اور ان کے کارندوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج میں رکاوٹ اور شرارت برداشت نہیں کی جائیگی ، حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔