استاد ہوتی تو انگلش پڑھاتی، اداکارہ میرا

استاد ہوتی تو انگلش پڑھاتی، اداکارہ میرا
میں کتاب لکھ رہی ہوں جس کو پڑھ کر سب کو فلم انڈسٹری سے لگاؤ ہو جائے گا، میرا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: اداکارہ میرا کی گلابی انگلش کافی مشہور ہے لیکن اب اداکارہ نے انگریزی کو اپنا پسندیدہ مضمون قرار دیا ہے۔  اداکارہ میرا نے کراچی کے نجی تعلیمی ادارے کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں کتاب لکھ رہی ہوں جس کو پڑھ کر سب کو فلم انڈسٹری سے لگاؤ ہو جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ میری بہت خواہش ہے کہ بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کروں۔ اس سے قبل وہ کہہ چکی ہیں کہ میں ہی یہ فیصلہ کروں گی کہ مجھے شاہ رخ خان کے ساتھ کب کام کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلش میرا پسندیدہ مضمون ہے اور اگر ٹیچر ہوتی تو بچوں کو انگلش پڑھاتی اس کے علاوہ فارسی بھی بہت پسند ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آرٹسٹس اور ان کے اہلخانہ کو مفت میڈیکل سہولت فراہم کرے۔

اپنے دورے کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا کسی بھی تعلیمی ادارے کا پہلا دورہ ہے اور میری والدہ کا تعلق تعلیم کے شعبے سے تھا لہٰذا ان کی خواہش تھی کہ بچے اچھی تعلیم حاصل کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ تعلیم کے شعبے کیلئے مستقبل میں کچھ پلان ہیں اور پاکستان میں اداکاری کے مضمون کیلئے اکیڈمی بھی ہونی چاہیے۔