ہنگو، حساس اداروں کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

 ہنگو، حساس اداروں کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک
کیپشن: ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر اسلام، لائق اور خودکش حملہ آور محب اللہ شامل ہیں۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ہنگو: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں قاضی پمپ کے قریب خفیہ اطلاع پر حساس اداروں نے کارروائی کر کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر اسلام، لائق اور خودکش حملہ آور محب اللہ شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے نئی زیر تعمیر جیل کے قریب ایک مکان میں پناہ لی جہاں فائرنگ سے مکان کا مالک شاہد بھی جاں بحق ہو گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے متعدد دستی بم، کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ دہشت گرد کمانڈر اسلام، کلایہ بم دھماکے سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس 23 نومبر کو قبائلی علاقے لوئر اورکزئی کے کلایہ بازار میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔