جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری، معروف گلوکار پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے

Joe Biden, swearing-in, ceremony, performances, well-known, singers

نیویارک: امریکی صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن 20 جنوری کو امریکا کے 46 ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے۔ اس موقع پر معروف گلوکار بھی اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جو بائیڈن کا امریکی صدر کا حلف اٹھانے کی تقریب کو شوبز ستارے چار چاند لگائیں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق گلوکارہ لیڈی گاگا امریکی قومی ترانے پر پرفارمنس دیں گی جبکہ جینیفر لوپیز بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔ اس کے علاوہ اداکار ٹام ہینکس حلف برداری کے موقع پر 90 منٹ دورانیے کے پرائم ٹی وی اسپیشل کی میزبانی کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق جسٹن ٹمبر لیلک ، جون بون جووی ، ڈیمی لوواٹو اور اینٹ کلیمنز اور دیگر پر فارمرز میں شامل ہیں۔

دوسری جانب امریکہ میں مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بالآخر ہتھیار ڈال د ئیے۔ انہوں نے امریکی عوام اور اپنے حامیوں سے متحد رہنے اور تشدد سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں مزید مظاہروں کی اطلاعات مل رہی ہیں ۔ کسی قسم کی قانون شکنی نہ کریں ، قانون کی پاسداری کریں اور جذبات پر قابو رکھیں۔ تشدد کا کوئی جواز اور کوئی معافی نہیں ، جن لوگوں نے کیپٹل ہل پر حملہ کیا انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والے سے متضاد خبریں آرہی ہیں۔ میرے سننے میں بھی کچھ عجیب باتیں آرہی ہیں لیکن میں ان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔