چودھری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے بلامقابلہ مرکزی صدر منتخب

Chaudhry Shujaat Hussain, Central President, PML-Q, Tariq Bashir Cheema, Chaudhry Pervaiz Elahi

لاہور: چودھری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے بلامقابلہ مرکزی صدر منتخب۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب۔ مرکزی الیکشن کمیشن کے اجلاس کی صدارت جہانگیر اے جھوجھہ ایڈووکیٹ نے کی۔

واضح رہے کہ ممبران الیکشن کمیشن چوہدری امتیاز احمد رانجھا سابق ایم پی اے، محترمہ فرخ خان ایم این اے ، جناب رانا خالد منظور اور جناب میاں عمران مسعود سابق صوبائی وزیر تعلیم تھے۔ پانچوں صوبوں کی صوبائی تنظیموں نے نومنتخب صدر پاکستان مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔

مرکزی صدر منتخب ہونے کے بعد چودھری شجاعت حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبائی تنظیمیں ہر سطح پر مسلم لیگ کو فعال اور منظم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کو فعال ، مضبوط اور منظم بنا کر ہی پاکستان کا استحکام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

مرکزی صدر نے کہا کہ ملک میں اس وقت غریب آدمی کے حالات مایوس کن ہیں۔ حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ ملک میں تمام بڑے منصوبے دو تین سال کیلئے معطل کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اور ان کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے صوبائی الیکشن میں محمد طارق حسن صدر اور کنور ارشد خان جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ صوبہ بلوچستان کے صوبائی پارٹی الیکشن میں سعید الحسن مندوخیل صدر اور ایس آر ناصر صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ صوبہ خیبرپختونخواہ کے صوبائی پارٹی الیکشن میں محبوب اللہ جان سابق ایم این اے صدر اور وجیع الزمان خان سابق ایم پی اے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔

گلگت بلتستان کے صوبائی پارٹی الیکشن میں اسد اللہ خان ایڈووکیٹ صدر اور آصف احمد قریشی جنرل سیکرٹری منتخب جبکہ اسلام آباد کیپیٹل کیلئے رضوان صادق صدر اور چوہدری محمد جہانگیر جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔