پشاور: سی این جی اسٹیشنز ہفتے میں تین دن کھولنے کا فیصلہ

پشاور: سی این جی اسٹیشنز ہفتے میں تین دن کھولنے کا فیصلہ

ُپشاور : ضلعی انتظامیہ نے صوبائی دارالحکومت  پشاور میں  ہفتے میں تین دن سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں سی این جی اسٹیشنز اب ہر پیر، بدھ اور جمعہ کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔
خیال رہے کہ انتظامیہ نے ایک ہفتہ قبل پشاور میں سی این جی اسٹیشنز کیلئے گیس سپلائی معطل کی تھی۔تاہم اب تین دن گیس اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ  چند روز قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک کی  ملک میں خاص طور پر گیس کے شدید بحران پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی اور پرویز خٹک اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ بعد ازاں انہیں اجلاس میں واپس بلایا گیا تو پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان کو بھی نہیں بخشا اور ان پر بھی  شدید تنقید  کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپ کو ملک کا وزیر اعظم منتخب کرایا۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ صوبے میں گیس کی شدید قلت ہے۔ کے پی میں گیس کے سب سے زیادہ ذخائر ہیں۔ ہم بجلی بھی پیدا کرتے ہیں اور پھر بھی، ہم ان وسائل سے محروم ہیں"اور اگر یہی صورتحال رہی تو صوبے کے لوگ آپ کو ووٹ نہیں دیں گے تاہم اب سی این جی اسٹیشنز تین دن کھولنے کے فیصلے سے محسوس ہوتا ہے کہ پرویز خٹک کی دھمکی کام کر گئی ہے۔
واضح رہے کہ پرویز خٹک کی جانب سے اجلاس سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ وہ ناراضی میں اجلاس سے اٹھ کر نہیں گئے تھے بلکہ سگریٹ پینے کیلئے اٹھے تھے۔

مصنف کے بارے میں