کراچی سے وڈیرے اور جاگیردار قبضہ چھوڑ دیں، حافظ نعیم الرحمان

 کراچی سے وڈیرے اور جاگیردار قبضہ چھوڑ دیں، حافظ نعیم الرحمان
کیپشن: کراچی سے وڈیرے اور جاگیردار قبضہ چھوڑ دیں، حافظ نعیم الرحمان
سورس: فائل فوٹو

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سے وڈیرے اور جاگیردار قبضہ چھوڑ دیں۔

انہوں نے یہ انتباہ حکومت سندھ کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے بلدیاتی بل کے خلاف منعقدہ احتجاجی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیا۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مارچ شاہراہ فیصل پہ عوامی مرکز سے شروع ہوا ہے جو شیڈول کے مطابق سندھ اسمبلی بلڈنگ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا جب کہ شرکا نے کارساز اور نرسری کے قریب احتجاجی دھرنا بھی دیا۔

حکومت و انتظامیہ کی جانب سے اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری پورے راستے پر متعین کی گئی ہے۔ شرکائے مارچ نے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں جن پر نعرے و مطالبات درج ہیں۔ شرکا کی جانب سے نعرے بازی کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی اپنے حق و اختیارات کے لیے بیدار ہو رہا ہے۔کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور وہی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہے اور کراچی سے صرف ٹینکر مافیا کروڑوں روپے کماتا ہے۔