عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، مریم اورنگزیب

عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، مریم اورنگزیب

لاہور:مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،  انہیں 3 خالی پنڈال دیکھ کرشرم تو  آئی ہوگی۔

مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب ! آپ کی گالی کی سیاست مستردہوگئی ہے آپ اور جمہوریت اکٹھے نہیں چل سکتے-عمران صاحب آپ کوناکام جلسوں کی ہیٹ ٹرک پرمبارکباد پیش کرتے ہیں۔پی ٹی آئی نے گالی کی سیاست شروع کی لیکن عوام نے انہیں مسترد کر دیا، کوئی کارکردگی نہ دکھانے پر انہیں عوام نے پہچان لیا ہے-صرف مسلم لیگ (ن) نے ہی عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ،25جولائی کی شام کو عمران خان ہاتھوں پر کالی پٹیاں باندھ کر پھرے گا کیونکہ عوام شیر پر مہر لگائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمارے دلوں میں رہتے ہیں اور ہم سب نواز شریف اور ان کی بیٹی کے بیانیے پر ہیں ۔

دوسری طرف، سابق وزیراعظم نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے مسلم لیگ(ن)خواتین ونگ کاقافلہ اڈیالہ جیل کی جانب روانہ ہو گیا۔قافلے کی خواتین کی قیادت سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کررہی ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کے مطابق، اڈیالہ جیل کی جانب جانے والے مسلم لیگ(ن)خواتین ونگ کے قافلہ میں موجود خواتین نے ہاتھوں میں پارٹی جھنڈے اورگلدستے اٹھا رکھے تھے جبکہ سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب عام خواتین کےساتھ وین میں سوارتھیں ۔مسلم لیگ ن کی خاتون رہنما مریم اورنگیزیب ریلی کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچیں تو میڈ یا سے گفتگو کے دوران جذباتی انداز میں نعرے بازی کرتی رہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف سے یکجہتی کرنے اڈیالہ جیل کے سامنے آئے ہیں - وہ ہمارے قائد ہیں جنہوں نے ملک کو ترقی دی ،پاکستان میں سی پیک جیسا منصوبہ لے کر آئے،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا -دہشت گردی کا خاتمہ کیا ،ووٹ کی عزت کی خاطر پاکستان واپس آئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کا فیصلہ خود کرپشن کو مسترد کرتا ہے لیکن اس نام نہاد کرپشن میں معاونت پر بیٹی مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی ۔اس دوران مریم اورنگیزیب نے جذباتی انداز میں نعرے بازی شروع کردی  ”ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ،ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے، ووٹ کو عزت دو ،ووٹ کو عزت دو "۔