قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکیورٹی مزید بہتر کی جائے، شیخ رشید

قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکیورٹی مزید بہتر کی جائے، شیخ رشید
کیپشن: image by facebook

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں خوش اسلوبی سے انتخابات چاہتے ہیں، بیرونی قوتیں سازشیں کررہی ہیں، الیکشن میں التوا چاہتی ہیں، قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکیورٹی مزید بہتر کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبزی منڈی اور راجہ بازار کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ آنے والی حکومت کے لیے مشکلات ہوں گی، ہمیں حکومت کے راستے میں حائل مشکلات کا ادراک کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیئے:سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج نیب میں پیش ہوں گے
 
 
شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے انتخابی مہم کے لیے اپنے لیے خصوصی موٹر سائیکل تیار کرائی ہے جبکہ سیاست دان مشہوری کے لیے ہر وہ بات کرتا ہے جس کی حیثیت نہیں ہے، این اے 62،61 میں قلم دوات چھائی ہوئی ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ 23 جولائی کو کمرشل مارکیٹ سے انتخابی مہم ختم کریں گے جبکہ لیاقت باغ میں 22 تاریخ کو جلسے کی اجازت مل گئی ہے، عمران خان 11 بجے جلسہ گاہ پہنچیں گے، تاریخی جلسہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیئے:عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، مریم اورنگزیب
 
 

شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ انتخابات ہار رہے ہیں دھاندلی کا پہلے سے شور کررہے ہیں، آنے والی حکومت کے لیے معیشت کو ٹھیک کرنا آسان نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن کو قبل از وقت متنازعہ بنانے کے لیے سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو رہی ہیں، انتخابات میں اصل مقابلہ عمران خان اور ن لیگ کے درمیان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست تنزلی کا شکار ہے، اس سے کل لاہور میں ہوا نکل گئی، پیپلز پارٹی کو بھی پنجاب میں خواہش کے مطابق سپورٹ نہیں مل رہی۔