پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے پوسٹرز پر بھی بھٹو کی تصویر

پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے پوسٹرز پر بھی بھٹو کی تصویر

نوابشاہ:  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے انتخابی پوسٹرز کی ایسی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں ان کے پوسٹرز پر پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور سابق چیئرپرسن بےنظیر بھٹو  کی تصایر نظر آ رہی ہیں۔

ٹوئٹر  پر صارفین کی جانب سے کی جانے والی ٹوئیٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ پی ٹی آئی ووٹ حاصل کرنے کے لیے ذوالفقار اور بے نظیر بھٹو  کی تصاویر شیئر کر رہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صارفین کی جانب سے شیئر کی جانے والی پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کی انتخابی مہم کے پوسٹرز کی تصاویر 2 مختلف صوبوں کی ہیں۔

جی ڈی اے کا پوسٹر صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 225 کا ہے جہاں سے پیپلز پارٹی کی سابق چیئرمین بے نظیر بھٹو   کی قریبی ساتھی ناہید خان انتخاب لڑیں گی۔

ٹوئٹر پر شیئر کیے جانے والے پی ٹی آئی امیدواروں کا انتخابی پوسٹر صوبہ خیبرپختونخوا کا ہے۔شیئر کیے گئے پوسٹر میں پشاور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 30 سے پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت علی جب کہ صوبائی حلقے پی کے 78 کے امیدوار محمد عرفان کو اپنے پارٹی کے چیئرمین اور انتخابی نشان بلے کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

تاہم ساتھ ہی ان کے پوسٹر میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی تصویر بھی نظر آ رہی ہے۔