پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری قونصلر رسائی دیدی

پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری قونصلر رسائی دیدی
کیپشن: کلبھوشن یادیو کو 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری قونصلر رسائی دے دی گئی ہے۔ انڈین سفارتی عملے کی کلبھوشن سے ملاقات جاری ہے۔ اس کی موجودگی کی جگہ کو سب جیل قرار دیدیا گیا ہے۔

 سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو آج قونصلر رسائی دی جائے گی، کلبھوشن یادیو کی موجودگی کی جگہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارت نے عالمی عدالت سے کلبھوشن کی رہائی کیلئے رابطہ کیا، کلبھوشن یادیو کو 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، کلبھوشن نے پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کا اعتراف کیا، خطے کے امن میں رکاوٹ بھارت ہی ہے، بھارت خطے کے امن و استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔

 خیال رہے پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی گئی۔ کلبھوشن یادیو پر پاکستان کے خلاف جاسوسی اور اتنشار پھیلانے کا الزام تھا۔ کلبھوشن یادیو عرف حسین مبارک پاٹیل  را  کا ایجنٹ تھا۔

بھارتی جاسوس نے مجسٹریٹ اور عدالت کے سامنے اعتراف جرم کیا، کلبھوشن یادیو کو قانون کے مطابق دفاع کا پورا موقع دیا گیا، کلبھوشن سدھیر یادیو کا سروس نمبر 41558 زیڈ تھا۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو پاکستانی فورسز نے جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیا تھا اور اس کے قبضے سے حساس مقامات کی تصویریں، اہم دستاویزات برآمد ہوئی تھیں، کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی میں بھی ملازمت کرتا رہا ہے، کلبھوشن یادیو نے 1987 میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی جوائن کی اور 1991 میں بھارتی نیوی میں بحیثیت کمیشن افسر ملازمت کی۔