کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، بلوچستان میں جمعہ کے روز کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، بلوچستان میں جمعہ کے روز کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے باعث صوبہ بھر میں جمعہ کے روز کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت نے ہفتے میں ایک دن یعنی جمعہ کے روز ہر طرح کی کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں معطل رکھنے اور مارکیٹیں اور بازار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ میڈیکل سٹورز، دودھ دہی کی دکانیں، اشیائے ضروریہ اور تندور کھلے رہیں گے۔ 
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں کورونا وائرس کے 931 ٹیسٹ کئے گئے ان میں سے 52 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور کورونا کے پھیلاؤ شرح 5.59 فیصد ریکارڈکی گئی۔ محکمہ صحت کے حکام نے تاجروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔ 
دوسری جانب سندھ میں بھی کورونا وائرس کے باعث ایک بارپھر پابندیاں عائد کی ئی ہیں جو 31 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔ نئی پابندیوں کے تحت ریسٹورنٹس کے اندر کھانا بند، پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی جبکہ سنیما ہالز بھی بند کردیئے گئے۔
پابندی کے تحت سندھ میں جمعے سے ساحل سمندر پر شہری پکنک بھی نہیں منا سکیں گے جبکہ کینجھر جھیل کی سیر پر پابندی عائد کرنے کیساتھ ساتھ تفریحی پارکس اور واٹر پارکس میں بھی شہریوں کے جانے پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ہفتے سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے سکول بھی بند رہیں گے جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔