تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں: شہباز شریف

Shehbaz Sharif, PML-N, prices, petroleum products, PTI government

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت ، کہا پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کے ظلم کا آج ایک اور ریکارڈ قائم کیا ہے ، تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ یہ حکومت مہنگائی کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنا دے گی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اس جانب ایک اور قدم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس فری بجٹ کی حقیقت قوم کے سامنے آگئی ، نئے پاکستان کا احساس عوام نے دیکھ لیا ۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت کی انتہا موجودہ حکومت کے مظالم کی شکلیں ہیں ۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول مزید پانچ روپے چالیس پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا ہے ۔ لائٹ ڈیزل ، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کا تیل بھی مہنگا کر دیا گیا ۔

پیٹرول کی نئی قیمت ایک سو اٹھارہ روپے نو پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل دو روپے چون پیسے کے اضافے کے ساتھ ایک سو سولہ روپے ترپن پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو گی ۔

جبکہ لائٹ ڈیزل ایک روپے ستائیس پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ چوراسی روپے اکتیس پیسے اور مٹی کا تیل ایک روپے انتالیس پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ ستاسی روپے چودہ پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو گا ۔