سعودی قیادت کیساتھ اہم اور کامیاب بات چیت ہوئی: امریکی صدر

سعودی قیادت کیساتھ اہم اور کامیاب بات چیت ہوئی: امریکی صدر

ریاض: امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ سعودی قیادت کے ساتھ اہم اور کامیاب بات چیت ہوئی ، تیران اور صنافیر جزیروں سے امن افواج چلی جائیں گی جس سے اس علاقے کی سیاحت کو فروغ ملے گا ۔

سعودی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کے شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد کے ساتھ اہم مذاکرات ہوئے ، سعودی عرب کی عسکری ، سلامتی اور انرجی سیکیورٹی ضروریات پر تبادلہ خیال ہوا ۔

اس موقع پر صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے یمن میں جنگ بندی کا سمجھوتہ کرانے میں اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی سے متعلق سعودی عرب کیساتھ شراکت طے پاگئی ہے ۔

واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے جدہ کے قصر الاسلام میں امریکی صدر جو بائیڈن نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے ۔ خادم حرمین شریفین نے امریکی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہا ۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جمعے کو ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب اور امریکا کے تاریخی تعلقات اور دونوں ملکوں کے مفادات کی تکمیل میں معاون طریقوں کا جائزہ لیا گیا ۔

وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے ۔

مصنف کے بارے میں