"میں پاکستان کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوا ہوں"، ویرات کوہلی

برمنگھم:پاکستانی کرکٹ کے بارے میں یہ الفاظ مشہور ہیں کہ یہ "Unpredictable " غیر متوقع کارکردگی دکھانے کی صلاحیت سے مالا مال ہے ۔اس کا مظاہرہ کئی بار کر چکی ہے ۔ تاہم انگلینڈ میں جاری حالیہ چیمپئنز ٹرافی ٹؤرنامنٹ ( منی ورلڈ کپ ) میں جسطرح غیر متوقع کارکردگی دکھائی ناقدین بھی تعریف کیئے بغیر نہ رہ سکے ۔

وہ ناقدین جو پاکستانی ٹیم پر لفظوں کے نشتر چلانے سے کسی بھی وقت چوکتے نہیں ہیں ۔ ان ہی ناقدین میں کبھی کبھار پاکستانی ٹیم کے بارے میں بیان بازی کرنے والوں میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی ہیں ،مگر ویرات کوہلی  چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستانی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے مداح بن گئے ہیں اور انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان کی کارکردگی میں یکسر تبدیلی نے انہیں بھی بہت متاثر کیا ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نو وکٹ کی آسان فتح سے ہمکنار ہونے کے بعد ایبسٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویرات کوہلی نےکوہلی نے فائنل کے حوالے سے کہا کہ ہم اس سے قبل بھی بڑے میچز کھیل چکے ہیں جس کا ہمیں فائدہ ہو گا لیکن میرا نہیں خیال کہ پاکستان کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں فتح کا اس میچ سے کوئی تعلق ہے، ہم اس میچ کو ہرگز آسان نہیں لے سکتے ہیں کیونکہ ہم نے اس ایونٹ میں چند اہم اپ سیٹ ہوتے دیکھے ہیں اور ہم اس فائنل میچ میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے ایونٹ کے پہلے میچ میں بدترین شکست کے بعد لگاتار تین کامیابیاں حاصل کر کے فائنل میں پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر تعجب کا اظہار کیا۔’میں پاکستان کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوا ہوں، ان کو اس بات کا سہرا جاتا ہے کہ انہوں نے چیزوں کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔ ان ٹیموں کو شکست دی جو ان کے مقابلے میں بہت مضبوط نظر آ رہی تھیں‘۔

واضح رہے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کے  افتتاحی میچ میں بھارت سے 124 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا لیکن اس کے بعد گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جنوبی افریقہ، سری لنکا اور پھر سیمی فائنل میں فیورٹ انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ پاکستان جس طرح بحیثیت ٹیم گراؤنڈ میں کارکردگی دکھا رہا ہے اس سے ان میں ایک یقین نظر آ رہا ہے لیکن ہم اس بارے میں زیادہ نہیں سوچیں گے اور وہی کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے جو ہم نے اب تک کھیلا ہے اور ان کی خامیوں اور خوبیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بنائیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔