عالمی عدالت نے کلبھوشن کیس میں بھارتی درخواست مسترد کر دی

 عالمی عدالت نے کلبھوشن کیس میں بھارتی درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد:پاکستان کو کلبھوشن کیس میں ایک بڑی کامیابی اس وقت مل گئی جب عالمی عدالت نے بھارت کو کلبوشن کیس میں مزید وقت دینے سے معذرت کر لی ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں عالمی عدالت انصاف نے بھارت کی کلبھوشن کے حوالے سے دعوٰی داخل کرنے کے لیے دسمبر تک کے وقت کی درخواست مسترد کردی۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کے مطابق ’بھارت نے کلبھوشن کے حوالے سے دعوٰی داخل کرنے کے لیے دسمبر تک کا وقت مانگا تھا، بھارت کا موقف تھا کہ یہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے اس لیے تمام امور کی انجام دہی کے لیے چھ ماہ کا وقت دیا جائے۔‘

تاہم پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ ’عالمی عدالت انصاف کورٹ آف اپیل نہیں، عالمی عدالت نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کا فیصلہ کرنا ہے، جبکہ قونصلر رسائی کے معاملے پر دعوٰی دائر کرنے کے لیے دو سے تین ماہ کافی ہیں۔‘

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ’عالمی عدالت انصاف نے بھارت کی دسمبر تک کے وقت کی درخواست مسترد کردی اور کہا کہ بھارت کلبھوشن یادیو کے حوالے سے 13 ستمبر تک دستاویزات اور تحریری شکایت جمع کرائے۔‘۔

انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے خط لکھ کر پاکستان کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

عالمی عدالت انصاف کے رجسٹرار نے ہالینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے عدالتی پیش رفت سے اٹارنی جنرل دفتر کو آگاہ کیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان دسمبر تک اپنا جواب عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائے گا، جبکہ کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس کی سماعت جنوری 2018 میں مقرر ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کلبوشن کی سزائے موت سنائے جانے کے بعد بھارت نے عالمی عدالت سے رجوع کیا تھا ۔ جس کے بعد عالمی عدالت اس کیس کو دیکھ رہی ہے ۔ 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔