عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 223 ملین ڈالر کے پیکیج کی منظوری دے دی

عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 223 ملین ڈالر کے پیکیج کی منظوری دے دی

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان میں لوگوں کو مالیاتی خدمات تک رسائی دینے اور کراچی کے مختلف حصوں میں لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے سلسلے میں 223 ملین ڈالر کے پیکیج کی منظوری دے دی۔

منصوبے کے تحت 2020ء تک ملک بھر میں 50 فیصد بالغ افراد کو مالیاتی و بینکنگ خدمات تک رسائی میں بہتری لائی جائے گی جن میں نصف تعداد خواتین کی ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لئے نجی شعبہ کے قرضوں کو بھی 15 فیصد تک فروغ ملے گا جو 2015ء میں 7 فیصد تھے۔

پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا متھو ایلان گوان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ دونوں منصوبوں میں لوگوں کی شمولیت ایک مضبوط عنصر ہے جو عالمی بینک کی پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا محور ہے۔ ان منصوبوں میں بالخصوص خواتین، نوجوانوں اور غریب طبقات کو ترجیح دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بینکنگ سیکٹر سے باہر آبادی کا 5 فیصد پاکستان میں ہے، ہمیں اس رجحان میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں بالخصوص خواتین کو مالیاتی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی شمولیت و انفراسٹرکچر پراجیکٹ کے تحت 137 ملین ڈالر بالخصوص ان لوگوں کی مدد کے لئے فراہم کئے جائیں گے جن کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں اور وہ قرضے نہیں لے سکتے تاکہ انہیں مالیاتی خدمات تک رسائی مل سکے۔

مصنف کے بارے میں